بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا ستائیس فروری سے زیادہ سخت جواب دیاجائیگا، ترجمان پاک فوج
بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا ستائیس فروری سے زیادہ سخت جواب دیاجائیگا، ترجمان پاک فوج
راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا ستائیس فروری سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کے لیے بہانے تراش رہا ہے، ترجمان پاک فوج۔بھارتی فوجی جنرل نے الزام لگایا ہے کہ پاکستانی فوج لائن آف کنٹرول سے دراندازی کروا رہی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارتی جنرل کا بیان ہمیشہ کی طرح جھوٹ کا پلندہ ہے اور بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کے لیے جنگ کے بہانے تراش رہا ہے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہندوستان ایسے جھوٹ سے لائن آف کنٹرول پر کارروائی کا بہانہ تراش رہا ہے، لیکن اگر بھارتی فوج نے ایسی کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان اسے ستائیس فروری سے بھی زیادہ سخت جواب دے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ انڈیا مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال اور مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر مکمل پابندی ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں ایسا نہیں ہے، عالمی میڈیا اور اقوام متحدہ کے مبصرین حقائق دیکھنے کے لیے آزاد کشمیر کا دورہ کر سکتے ہیں، لیکن کیا بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں میڈیا اور اقوام متحدہ کے مبصرین کو دورے کی اجازت دے سکتی ہے؟۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہزاروں انڈین فوجی کئی دہائی سے جاری بہادر کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبا نہیں سکے اور اب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی مزید نفری کی تعیناتی بھی ناکام ہوگی۔
Comments
No comment yet.